کابل( ہمگام نیوز) افغانستان کے جنوبی صوبے اُرُوزگان کی پولیس کے قائم مقام سربراہ کو اتوار کے روز اُن کے ایک ساتھی پولیس افسر نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ گزشتہ چھ ہفتوں میں یہ دوسرا صوبائی پولیس چیف ہے، جسے ہلاک کیا گیا ہے۔ اُرُوزگان کے گورنر امان اللہ تیموری کے مطابق قائم مقام پولیس چیف گلاب خان اپنے ایک دوست کے ساتھ میٹنگ میں تھے کہ اُن کے ساتھی نے فائرنگ کر کے دونوں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔ گلاب خان کے قتل کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کر لی ہے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے ٹویٹر پر یہ بیان جاری کیا۔ گلاب خان سے قبل اُرُوزگان کی پولیس کے سربراہ مطیع اللہ خان کو افغان دارالحکومت کابل میں وسطِ مارچ میں ایک خود کش حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مطییح اللہ خان کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی تھی۔