یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںاقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قابض پاکستان سے محمد...

اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قابض پاکستان سے محمد رازق ولد محمد کریم کے قتل اور لاش کی تحقیقات کرے:ـ ایف بی ایم

لندن(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں پاکستانی ایجنسیوں کی جانب سے افغانستان میں رازق بلوچ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد رازق ولد محمد کریم بلوچ فری بلوچستان موومنٹ سے وابستہ ایک سیاسی جہدکار تھے اور افغانستان میں مقیم تھے۔ وہ بلوچستان کی آزادی اور پاکستانی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد رازق بلوچ نے قومی جہد میں ایک سیاسی جہدکار کی طرح ظلم جبر اور زوراکی کے خلاف آواز اٹھائی۔ وہ دنیا کے مسلمہ قوانین کے تحت قومی آزادی کا مطالبہ کررہے تھے جسکی پاداش میں ان کو باقی ہزاروں بلوچوں کی طرح پاکستانی فوج نے افغانستان کی سرزمین سے اٹھاکر شہید کیا اور ہمارے دوستوں اور کارکنوں کو ان کی لاش تک کا علم نہیں، جبکہ پاکستانی ریاستی کنٹرولڈ میڈیا نے ان کی شہادت کی خبر کے ساتھ ان کی لاش کی تصاویر بھی نشر کیں۔

انہوں نے کہا قابض پاکستان ایک بین الاقوامی جرم کا مرتکب ہوکر ایک سیاسی کارکن کو جو کہ افغانستان میں اقوام متحدہ میں بطور پناہ گزین رجسٹرڈ تھے شہید کیا اور پھر ان کی لاش بھی نہیں دی۔ اب یہ بین الاقوامی نمائندوں خاص کر اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قابض پاکستان سے محمد رازق بلوچ کی لاش اور ان کے قتل کی تحقیقات کرے ۔

فری بلوچستان موومنٹ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ بھی باقی اقوام کی طرح انسان ہیں اور انکے بھی انسانی حقوق ہیں اگر بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی ہوتا ہے تو اسکو روکنا بھی مہذب دنیا کا فرض ہے۔ قابض پاکستانی ریاست 74 سالوں سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی کرتا آرہا ہے اب اس نے ان بلوچوں کو بھی نشانہ بنا کر قتل کرنا شروع کردیا ہے جو اپنی زندگی بچانے کی غرض سے دوسرے ممالک میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ میں بطور پناہ گزین رجسٹر ہیں۔

ترجمان فری بلوچستان موومنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ عمل بین الاقوامی دنیا اور اقوام متحدہ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جب انسانی حقوق کے ادارے امریکہ سمیت سانٹا کروز قتل عام پر انڈونیشیا کو جوابدہ کرسکتے ہیں کوسوو بوسنیا کی قتل عام پر یوگوسلاویہ کے سربراہ اور جرنیلوں کو جوابدہ کرسکتے ہیں تو قابض پاکستانی فوج کو بلوچستان میں قتل عام پر کیوں استثنی دیا گیا ہے؟

ایف بی ایم کے ترجمان کا آخر میں کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ محمد رازق بلوچ کے قاتلوں اور لاش کا سُراغ لگانے کے حوالے سے پاکستان کو جوابدہ کرے اور اقوام متحدہ بین الاقوامی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے پاکستانی فوج اور ایجنسیوں سے محمد رازق بلوچ کے قتل کی تحقیقات کرائے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز