خرطوم:(ہمگام نیوز) غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی قرارداد پر سوڈان میں جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، سعودی عرب کی جانب سے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ سلامتی کونسل کے اکثریتی فیصلے کو تمام فریق تسلیم کریں گے۔

جنگ بندی کے لیے قرارداد برطانیہ کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جمعہ کے روز 15 رکنی کونسل کے 14 ممالک نے اس قرارداد کی حمایت کی، جس میں فریقین سے تنازعہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، صرف روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

سلامتی کونسل نے رمضان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 25 ملین افراد تک امداد پہنچانے کی اجازت کی اپیل بھی کی ہے جنھیں خوراک کی اشد ضرورت ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ توقع ہے کہ سلامتی کونسل کے اکثریتی فیصلے کو تمام فریق تسلیم کریں گے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں 15 اپریل 2023 سے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جنگ شروع ہوئی تھی، جس میں اب تک 15 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔ اور جس میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی فوج جنرل محمد حمدان دگالو کی نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے خلاف صف آرا ہے۔