واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکہ کے وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر امریکہ نے “آپریشن ایپک فیوری” کے نام سے ایک بڑے پیمانے پر فضائی فوجی کارروائی شروع کر دی ہے، جسے انہوں نے تاریخ کا “سب سے مہلک، سب سے پیچیدہ اور سب سے زیادہ درستگی پر مبنی فضائی آپریشن” قرار دیا۔
اپنے بیان میں پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کو معاہدہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا، تاہم اس نے انکار کیا، جس کے بعد اب اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایران گزشتہ تقریباً پچاس برسوں سے امریکیوں کو نشانہ بناتا رہا ہے اور دنیا کے طاقتور ترین ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
وزیرِ جنگ کے مطابق اس فوجی کارروائی کا مقصد ایران کے میزائل نظام اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے، جبکہ ایرانی بحریہ کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کسی بھی ایسے میزائل کو برداشت نہیں کرے گا جو امریکی عوام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ پیٹ ہیگستھ نے مزید کہا کہ امریکہ نے اس تنازع کا آغاز نہیں کیا، تاہم اگر امریکیوں کو دنیا میں کہیں بھی نشانہ بنایا گیا یا دھمکی دی گئی تو امریکہ ذمہ دار عناصر کا تعاقب کرے گا اور انہیں ہلاک کرے گا۔
انہوں نے امریکی فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے مکمل اختیار دے دیا گیا ہے، اور دعا کی کہ خدا اس اہم مشن میں امریکی فوجیوں کی حفاظت کرے۔














