Homeخبریںامیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح طویل علالت کے بعد 91 برس...

امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح طویل علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کویت (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

ان کی عمر 91 سال تھی۔ کویت کے امیری دیوان نے منگل کے روز ان کی وفات کا اعلان کیا ہے۔

مرحوم امیرِکویت کو 18 جولائی کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد کویت میں ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس سے اگلے روز کویتی حکومت نے ان کی کامیاب سرجری کی اطلاع دی تھی لیکن یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کے جسم کے کس حصے کی سرجری ہوئی تھی۔

انھوں نے اپنی طبیعت ناساز ہونے کے بعد 83 سالہ ولی عہد شیخ نواف الاحمد الصباح کوعارضی طور پر اپنے بعض اختیارات سونپ دیے تھے۔

الشیخ صباح الاحمد کو 23 جولائی کو مزید علاج کے لیے امریکا لے جایا گیا تھا۔ اس وقت ان کی حالت مستحکم بتائی گئی تھی۔

کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے 26جولائی کو یہ اطلاع دی تھی کہ امیر کی صحت سے متعلق خبریں حوصلہ افزا ہیں۔

شیخ صباح الاحمد 2006ء سے تیل کی دولت سے مالا مال کویت کے امیر چلے آرہے تھے۔

اس سے پہلے وہ 50 سال سے زیادہ عرصے تک اس خلیجی ریاست کی خارجہ پالیسی کے نگران رہے تھے۔

واضح رہے کہ اکتوبر2019ء میں الشیخ صباح الاحمد کی پہلے کویت میں اور پھر امریکا کے دورے کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے وقت اچانک طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔ انھیں امریکا ہی میں ایک اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا اور وہ صحت یاب ہونے کے بعد کویت لوٹے تھے۔

Exit mobile version