مہاراشٹر(ہمگام نیوز ڈیسک) ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست مہاراشٹر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ ہمارے جوانوں کی قربانی ضائع نہیں جائیگی۔ دہشت گرد کہیں بھی چھپنے کی کوشش کریں انھیں چھوڑا نہیں جائے گا۔ ہم نے اپنے سکیورٹی فورسز کو کھلی چھوٹ دے دی ہیں ۔’تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انڈیا ‘پلوامہ’ کے دہشت گردانہ حملے کا جواب دے گا اور اس حملے کے مرتکبین بچ نہیں سکتے۔پاکستان کا نام لیے بغیر انھوں نے کہا ‘کہ وہ ملک جو دیوالیہ ہونے کی دہلیز پر ہے وہ اب دہشت گردی کا استعارہ بن چکا ہے۔‘
انھوں نے کہا ‘پلوامہ حملے کا جواب کیسے دینا ہے؟ کب دینا ہے؟ کہاں دینا ہے؟ کس طرح دینا ہے؟ ان سبھی کا فیصلہ ہماری فوج کرے گی۔ آپ سب تحمل رکھیں۔’
یاد رہے پلوامہ میں جمعرات کو کشمیر پلوامہ میں ہندوستانی سکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے اور اس سے پیدا ہونے والی سلامتی کی صورتحال پر آج انڈین پارلیمنٹ میں سبھی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی ہے۔ یہ کل جماعتی میٹنگ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد طلب کی ہے۔حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب انڈین حکومت نے دہشتگرد حملے کے بعد صلاح و مشورے کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلائی ہے۔
اس میٹنگ میں وزیر داخلہ سیاسی رہنماؤں کو اس حملے کی تفصیلات کے علاوہ حکومت کی آئندہ حکمت عملی کے بارے میں بتائیں گے۔
خارجہ سکریٹری سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے بعد آج مغربی ایشیا اور خلیجی ملکوں کے سفیروں سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان پر سخت دباؤ ڈالنا ہے۔جبکہ عوامی سطح پر اپنے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے تابوت کے ساتھ جلوس کی شکل میں چل رہے ہیں۔ ان جوانوں کا تعلق ہندوستان کی 16 ریاستوں سے تھا۔ آخری رسومات میں شریک لوگ پاکستان کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔