ہمگام(ویب نیوز) اگر ریاست کی جانب سے آپ پر جاسوسی کی جارہی ہے تو فیس بک اب آپ کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے اس حملے سے آگاہ کرے گا۔
کمپنی کے اعلان کے مطابق ریاست کے اسپانسر کردہ ہیکرز کی جانب سے اگر آپ کا اکاؤنٹ ہدف بنایا گیا تو لاگ ان کرنے پر فیس بک کا ایک نوٹیفیکیشن آئے گا۔
اس کے علاوہ فیس بک آپ پر ‘لاگ ان اپروولز’ فیچر کھولنے پر بھی زور دے گا جس کے بعد کسی نئے مقام سے لاگ ان ہونے پر آپ کے موبائل فون پر پیغام موصول ہوگا اور اس میں موجود کوڈ ڈالنے پر ہی آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔
کمپنی کے چیف سیکیورٹی آفیسر الیکس اٹاموز نے پیشرفت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وارننگ اس لیے ضروری ہے کہ ریاست کے اسپانسر کردہ ہیکرز زیادہ خطرناک اور جدید طریقہ کار سے واقف ہوتے ہیں جس کی وجہ سے صارفین کے لیے دفاعی اقدامات ضروری ہیں۔
اپنے اعلان میں الیکس کا کہنا تھا کہ اس وارننگ ممکنہ طور پر اس بات کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے کہ صارف کی جانب سے استعمال کردہ دیگر ڈیوائزس تک بھی ہیکرز کی پہنچ ہوچکی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ جس یہ نوٹیفیکیشن ملے وہ اپنا کمپیوٹر یا موبائل تبدیل کردے یا پھر اسے ری بلڈ کرے۔
تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ فیس بک یہ نشاندہی کس طرح کرتی ہے کہ حملہ عام ہیکرز یا ریاست کے اسپانسر کردہ ہیکرز کی جانب سے ہوا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک کے لیے اس نتیجہ پر پہنچنا زیادہ مشکل نہیں۔


