ایرانشہر ( ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز 17 اپریل کی شام ایرانشہر میں ایک بلوچ شہری کو اس کے گھر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر ایرانشہر میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر علی درزادہ ولد زھری کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا جو کہ ایرانشہر کے گاؤں نوک آباد لاشار کا رہائشی بتایا جاتا ہے ـ
کہا جاتا ہے کہ علی تنازعات کی وجہ سے کئی سالوں سے قابض ایرانی آرمی کو مطلوب تھا اور خفیہ طور پر اپنے گھر جاتا رہا ـ
رپورٹ کے مطابق اتوار کی شام مسلح افراد نے ان کے گھر پر دھاوا بولا اور فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
بلوچ ایکٹوسٹ کمپین 2021 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بلوچستان اور ایران کے دیگر بلوچ علاقوں میں مسلح افراد کے ہاتھوں کم از کم 115 بلوچ شہری قتل اور زخمی ہوئے ہیں۔ قتل اور زخمی ہونے والوں میں کم از کم پانچ بچے اور چار خواتین شامل ہیں۔