Homeخبریںایران سے اگر پابندیاں اٹھائی گئیں تو تہران تباہ کن غیر ذمے...

ایران سے اگر پابندیاں اٹھائی گئیں تو تہران تباہ کن غیر ذمے داریوں میں اضافہ کرے گا: واشنگٹن

 

واشنگٹن(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکا نے باور کرایا ہے کہ اگر مستقبل میں ایران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی کو اٹھایا گیا تو تہران کی جانب سے تباہ کن اور غیر ذمے دارانہ کارروائیوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

یہ موقف اقوام متحدہ میں امریکا کی خاتون مندوب کیلی کرافٹ کی زبانی سامنے آیا ہے۔ منگل کی شب ایک ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے سلامتی کونسل میں اپنے خطاب کی تصویر بھی منسلک کی۔

کیلی نے یاد دہانی کرائی کہ امریکا اور اس کے حلیفوں نے ایک ماہ قبل یمن کے پانی میں ایک جہاز کا انکشاف کیا تھا، ایرانی ہتھیاروں سے لدا ہوا یہ جہاز حوثیوں کی جانب گامزن تھا، امریکی خاتون مندوب نے باور کرایا کہ ایران کی جانب سے حوثیوں کو مسلح کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں یمن کا تنازع طویل ہو گا۔

کیلی نے مزید کہا کہ “ایران اس وقت تنازعات بھڑکا رہا ہے جب کہ اسے پابندیوں کا بھی سامنا ہے لہذا یہ سمجھنا دیوانگی ہے کہ پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد ان تباہ کن کارروائیوں میں اضافہ نہیں ہو گا”۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو تقریبا تین ہفتے پہلے ایک اعلان میں ایرانی ہتھیاروں سے لدے ایک بحری جہاز کا انکشاف کر چکے ہیں جو حوثیوں کے واسطے جا رہا تھا، جہاز پر ہتھیاروں کی کھیپ میں 200 آر پی جی گرینیڈز، 1700 سے زیادہ کلاشنکوفیں، زمین سے فضا میں مار کرنے والے 21 میزائل، متعدد ٹینک شکن راکٹس اور دیگر اسلحہ شامل تھا۔

Exit mobile version