واشنگٹن (ہمگام نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے امریکی انتخابات کے امیدوار کو نقصان پہنچایا تو اسے “تباہ” کر دینا چاہیے۔ ٹرمپ کا یہ موقف امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے کہ سابق صدر کو لاحق خطرات کے پیچھے تہران کا ہاتھ ہے۔

بدھ کے روز ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک انتخابی اجتماع سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ “اگر میں صدر ہوتا تو خطرہ بننے والے ملک کو جو اس وقت ایران ہے، آگاہ کر دیتا کہ اگر اس نے اس شخص کو نقصان پہنچانے کے لیے کچھ کیا تو ہم تمہارے بڑے شہر اور ملک تباہ کر دیں گے”۔

ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو یہ معلومات فراہم کر دی گئی ہیں کہ امریکا میں عدم استحکام اور افراتفری پھیلانے کی غرض سے ان کے قتل کا حقیقی اور مخصوص خطرہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں پنسلوینیا اور رواں میں فلوریڈا میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوششوں سے ایران کا تعلق ثابت نہیں ہوا۔

البتہ امریکی ذمے داران کو کافی عرصے سے ایران کے حوالے سے تشویش ہے۔ وہ اسے ٹرمپ اور ان کی سابقہ انتظامیہ کے عہدے داران کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔ مزید یہ کہ تہران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے