میڈرڈ (ہمگام نیوز) بارسلونا کے صدر جان لاپورٹا نے اعلان کیا ہے کہ اسپینش فٹبال کلب ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو اپنی ٹیم میں لانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپینش کلب کے صدر کا کہنا ہے کہ لیونل میسی اور انکے درمیان تعلقات اچھے ہیں تاہم ٹیم میں واپسی کیلئے فٹبالر سے بات چیت جاری ہے، میسی نے سال 2021 میں بارسلونا کو خیرباد کہہ کر پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کو جوائن کیا تھا۔

میسی کے دور میں بارسلونا نے 4 چیمپئنز لیگ اور 10 لا لیگا ٹائٹل اپنے نام کیے تھے، اسٹار فٹبالر کلب کے ساتھ منسلک رہنا چاہتے تھے لیکن کلب اس وقت ایک بلین یورو ($1.1 بلین) کے قرض کی وجہ سے اسے اپنے پاس رکھنے کا متحمل نہیں تھا۔

پیر کو بارسلونا نے لالیگا ٹائٹل اپنے نام کیا تو لاپورٹا نے عندیہ دیا کہ وہ میسی کو اپنی ٹیم میں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا کلب سے معاہدہ رواں سال اختتام پذیر ہوجائے گا۔