تہران (ہمگام نیوز ڈیسک) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے برطانوی تیل بردار جہاز کو مبینہ طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی طرف سے ڈکلیئر کردہ دہشتگرد فورس پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔
ایرانی خبر ریساں نیوز ایجنسی تسنیم کی بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘تیل بردار جہاز اسٹینا امپیرو کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے پر ہرمزگان بندرگاہ اور میری ٹائم آرگنائزیشن کی درخواست پر قبضے میں لیا گیا ہے’۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی کے لیے برطانوی جہاز کو ایران کوسٹ کے حوالے کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی جہاز اسٹینا امپیرو کے مالک کا کہنا تھا کہ جہاز سعودی عرب کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ‘جہاز شمال سے ایران کی جانب گامزن ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاز میں عملے کے 23 افراد سوار ہیں جس کو ‘آبنائے ہرمز میں نامعلوم طیاروں اور ایک ہیلی کاپٹر نے گھیرے میں لے لیا’۔
برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق ان رپورٹس کا ‘سنجیدگی سے’ جائزہ لیا جارہا ہے۔