یکشنبه, جنوري 5, 2025
Homeخبریںبلوچستان بھر میں فورسزآپریشن مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔بی آرپی

بلوچستان بھر میں فورسزآپریشن مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔بی آرپی

کوئٹہ ( ہمگام نیوز)لوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان بھر میں فوجی آپریشن اور ریاستی مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی لائی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں گزشتہ کئی روز سے ریاستی فورسز فوجی کاروائیوں کی تیاریوں میں مصروف تھی جبکہ اتوار کی صبح تحصیل پھیلاوغ اور مرو کو مکمل طور پر سیل کرکے بلوچ سول آبادی پر دھاوا بول دیا گیا۔ پھیلاوغ اور مرو کے مختلف علاقوں پشینی، کلیری، تکڑو اور سیاتک سمیت کئی مقامات پر بے گناہ بلوچ آبادیوں کے خلاف فوجی کاروائی کی جارہی ہے جس میں بھاری تعداد میں زمینی فورسز اور گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہی ہیں۔ آپریشن کے دوران پھیلاوغ کے علاقے گوٹھ لال خان میں لال خان بگٹی کے گھر پر ایک راکٹ آگرا جس سے پورا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور لال خان بگٹی کے پیران سالہ والد، انکی اہلیہ اور ایک بیٹی موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت متعدد لوگ زخمی ہوئے۔ اسی طرح ایک قریبی گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین زخمی ہوگئیں۔ مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران مزید سات بے گناہ بلوچوں کی شہادت کی بھی اطلاعات ہیں تاہم ابھی اس کی تصدیق اور ان کی شناخت نہیں ہو پاسکی۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور علاقے ریاستی فورسز کی گھیرے میں ہونے کی وجہ سے مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ ریاستی فورسز خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ بلوچوں کا قتل عام کرنے کے بعد انہیں دہشتگرد قرار دیتی ہیں جس کا مقصد اپنے انسانیت سوز مظالم کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ شیرمحمد بگٹی نے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان بھر میں جاری فوجی آپریشن، بے گناہ بلوچوں کے قتل عام اور ریاستی بربریت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلوچ نسل کشی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز