کوئٹہ (ہمگام نیوز) ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ اور لوٹی میں نامعلوم افراد نے دو مختلف کاروائیوں میں دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس سے گیس کی سپلائی معطل ہوگئی لیویز ذرائع کے مطابق پہلے واقعہ میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے گیس فیلڈ کے کنواں نمبر10 سے پلانٹ کو جانے والی8 انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جبکہ دوسرے واقعہ میں لوٹی زین کے علاقے میں گیس فیلڈ کے کنواں نمبر12 سے پلانٹ کو جانے والی 8 انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا دھماکے سے دونوں متاثرہ لائنوں سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی پو لیس کے مطابق ڈیر ہ بگٹی کے علاقے میں پیر کوہ میں نامعلوم افراد نے پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا اسکے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لے لیااور آپریشن شروع کر دیا تازہ اطلاعات کے مطابق اب تک فورسز نے کئی افراد کو اغوا کر کے ملٹری کیمپ منتقل کر دیا ہے اور آپریشن جاری ہے
دریں اثناءایک اور واقعہ میں ضلع سبی میں فرنٹیئر کور اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ میں ایف سی کے چار اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
ایف سی کے ترجمان کے مطابق ضلع سبی کے علاقے لہڑی میں ایک فراری گروپ سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے ایف سی کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا۔
ترجمان کے مطابق جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے فراریوں کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے ہے۔۔
اس کے علاوہ افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو افغان شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
دونوں افغان شہریوں پر حملے کا واقعہ اتوار کو سرحد کے قریب بوغرہ کے علاقے میں پیش آیا۔
چمن میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں افراد پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد ایک گاڑی میں چمن شہر کی جانب آ رہے تھے۔
نامعلوم مسلح افراد نے بوغرہ کے علاقے میں اس گاڑی کو روکا جس میں وہ آرہے تھے۔
گاڑی سے اتارنے کے بعد مسلح افراد نے دونوں ان کوکہیں لے جانے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں ناکامی کے بعد دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے دونوں افراد کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند سے تھا اور وہ دونوں آپس میں بھائی تھے۔
دونوں افغان شہریوں کو ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔تاہم اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے افراد میں سے ایک پہلے ہی افغانستان سے زخمی حالت میں آیا تھا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ زخمی شخص کو علاج معالجے کے لیے پاکستان لایا گیا تھا۔