کوئٹہ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بلوچستان میں برف باری کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اورٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کیلئے16مقامات پرکیمپ لگادیئے ہیں جن میں برف ہٹانے والی مشینری ، نمک ، افرادی قوت اور متعلقہ تمام تر وسائل کے ساتھ ساتھ سائٹ سٹاف متحرک کردیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق میٹرو لوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے موسم کی پیشن گوئی کے بعد بلوچستان میں این ایچ اے کے شاہراہوں پر26 دسمبر 2022سے 16 حساس مقامات خالق آباد منگوچر ، لک پاس، تور ناصر، یارو پشین، شیلا باغ، خوجک ٹا پ چمن، لک پاس II- ، شیخ واصل ، خانوزئی ،کان مہترزئی ، ماخئی آڈہ،مسلم باغ بائی پاس،ماشاء اللہ ہوٹل کولپور، ریلوے پاٹک کولپور ، کوئٹہ سریاب کسٹم،لورالائی قلعہ سیف اللہ پرکیمپ لگائے ہیں جن میں برف ہٹانے والی مشینری ، نمک ، افرادی قوت اور متعلقہ تمام تر وسائل کے ساتھ ساتھ سائٹ سٹاف متحرک کردیا گیا ہے ۔
بدھ کو جنرل منیجر بلوچستان نارتھ کوئٹہ آغا عنایت اللہ نے خوجک ٹاپ، شیلا باغ N-25 اورخانوزئی، کان مہترزئی ، مسلم باغ تا قلعہ سیف اللہ N-50 شاہراہ پر موجود کیمپوں کا دورہ کیا اور تمام ٹیم کی کارگردگی کو تسلی بخش پایا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر (مینٹننس) بلوچستان نارتھ راحیل احمد بلوچ بھی ہمہ وقت اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف سڑکوں اور کیمپوں میں سرگرمیوں کی از خود نگرانی کر رہے ہیں تمام یونٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹرز بھی اپنے اپنے سیکشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جنرل منیجر بلوچستان نارتھ این ایچ اے کوئٹہ نے یقین دلایا کہ قومی شاہراہوں پر رواں ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنایا جائیگاصوبے کے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ برف باری اور اس کے بعد موقع پر موجود این ایچ اے کے متحرک اہلکاروں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ زیادہ برف پڑنے کی وجہ سے ہنگامی حالات میں سڑکوں کی صفائی کا کام بروقت مکمل ہو سکے اور سردی میں لوگوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔