یکشنبه, اپریل 20, 2025
Homeخبریںبلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش نو آبادیاتی ذہنیت کی عکاسی ہے۔...

بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش نو آبادیاتی ذہنیت کی عکاسی ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ

شال (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان کے تعلیمی اداروں کی طویل المدتی بندش کو نہایت تشویشناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب ریاستی جبر کے تحت بلوچ طلبہ کو روزمرہ کی بنیاد پر جبری گمشدگی، ہراسانی اور ماورائے عدالت قتل جیسے سنگین مظالم کا سامنا ہے، تو دوسری جانب تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش بلوچ قوم کے تعلیمی، شعوری اور قومی ترقی کے راستوں کو بند کرنے اور انہیں پسماندگی اور جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں دھکیلنے کی ایک سوچی سمجھی سازش اور منصوبہ کی عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کی سب سے بڑی میڈیکل کالج بی ایم سی گزشتہ چھ مہینوں سے بند ہے، جہاں طلباء کو نہ صرف زبردستی ہاسٹلز سے نکالا گیا، بلکہ انہیں ہراساں اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا اور متعدد طلباء کو ماورائے قانون گرفتار کرکے جیلوں میں پابند سلاسل کیا گیا ۔ تاہم، افسوس کی بات ہے کہ اتنے طویل عرصے بعد بھی حکومتی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہیں۔ جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ ریاست خود تعلیم دشمنی کی پالیسی پر گامزن ہے۔

مزید براں، جامعہ بلوچستان بھی مسلسل غیر اعلانیہ پابندیوں کی زد میں ہے۔ پہلے بنا کسی جواز کے آن لائن کلاسز کے نام پر طلباء کو گمراہ کیا گیا، اور بعد ازاں جامعہ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ یہ سارے حکومتی ہتھکنڈے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ بلوچ نوجوانوں کو تعلیم، شعور اور سیاسی جدوجہد سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ اس صورتحال کو بلوچ قوم کے مستقبل کے خلاف ایک سوچا سمجھا حملہ سمجھتی ہے۔ تعلیمی اداروں کی بندش صرف درس و تدریس کے عمل کو روکنے تک محدود نہیں بلکہ یہ نوجوانوں کو سیاسی، فکری اور قومی شعور سے محروم رکھنے کی ایک منظم کوشش ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ہم بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکام بالا سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام تعلیمی اداروں کو فی الفور بحال کیا جائے، تاکہ بلوچ طلباء کو ان کا بنیادی اور آئینی حقوق تعلیم میسر ہو اور وہ اپنے قومی و سیاسی شعور کی روشنی میں ایک باوقار و روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز