لندن (ھمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ یوکے چیپٹر کے صدر منظور بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بلوچوں پر ظلم ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتے پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے رحیم زہری کو ان کی اہلیہ رشیدہ زہری کے ساتھ اغوا کیا تھا اور زمان بلوچ کو کیچ سے اغوا کیا گیا تھا۔ گزشتہ رات انہوں نے بی این ایم کے بانی رکن حسین بلوچ کی بہو کو اغوا کیا۔ یہ صرف چندمثالیں ہیں، ہر روز پاکستانی سیکورٹی فورسز معصوم بلوچ خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ عالمی برادری بلوچستان میں مظالم رکوانے کے لیے پاکستان کے خلاف فوری ایکشن لے۔
ورلڈ سندھی کانگریس کے ڈاکٹر لکھو لوہانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلوچستان میں بلوچوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ جب سے پاکستان نے بلوچستان پر قبضہ کیا ہے، ہزاروں بلوچوں کو قتل اور ہزاروں بلوچوں کو اغوا کیا ہے۔
دنیا کو بلوچوں کو بچانے کی ضرورت ہے، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سندھی قوم اپنے بلوچ برادر قوم کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ دنیا کو بتائے کہ یہ انسانیت کے خلاف جرائم ہیں اس لیے بلوچ اور سندھی عوام کو بچانا آپ کا فرض ہے۔
بی این ایم یوکے کے رکن جاسم بلوچ نے کہا کہ آج ہم یہاں بلوچستان میں پاکستانی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ پاکستان بلوچستان میں معصوم خواتین اور بچوں کو اندھا دھند اغوا اور قتل کر رہا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری کو پاکستان کا احتساب کرنا چاہیے۔