ملتان (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کی جانب سے رمیز جوہر اور شعیب بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف ایک پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس پیس واک کے ذریعے اس تلخ حقیقت کو اجاگر کیا گیا کہ بلوچ طلبہ کی ایک پوری نسل ریاستی جبر اور ظلم کے اندھیروں میں نگلی جا رہی ہے۔ طلبہ نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ جبری گمشدگیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ بلوچ نوجوانوں کے مستقبل کو بھی تاریکی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل نے اس پیس واک میں شامل تمام طلبہ کونسلز اور تنظیموں، جن میں پشتون اسٹوڈنٹس کونسل فاٹا، پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بلوچستان اور سرائیکی اسٹوڈنٹس کونسل ملتان شامل ہیں، کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پُرامن ریلی میں شرکت کی۔
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان نے تمام طلبہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی فورمز سے پُرزور اپیل کی کہ وہ بلوچ طلبہ کے خلاف جاری ان مظالم کا نوٹس لیں اور عملی اقدامات کے ذریعے اس ناانصافی کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان رمیز جوہر، شعیب بلوچ اور تمام لاپتہ افراد کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا پُرزور مطالبہ کرتی ہے۔


