یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںبلوچ یکجہتی کمیٹی کی لیڈرشپ کی گرفتاری کے خلاف بی وائی سی...

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی لیڈرشپ کی گرفتاری کے خلاف بی وائی سی 15 مئی سے بلوچستان بھر میں عوامی احتجاجی ریلیوں کے آغاز کا اعلان کرتی ہے۔ بی وائی سی 

شال (ہمگام نیوز) بی وائی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچ نسل کشی ایک طویل عرصے سے جاری ہے، جو کسی حادثاتی سلسلے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک منظم اور مربوط ریاستی پالیسی کا شاخسانہ ہے۔ یہ پالیسیاں ریاستِ پاکستان کی جانب سے بلوچ قوم کو منظم طریقے سے ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ جبری گمشدگیاں اسی ریاستی پالیسی کی ایک اہم کڑی ہیں، جن کے ذریعے نہ صرف ایک فرد کی زندگی اور موت کا فیصلہ ریاستی طاقت سے کیا جاتا ہے، بلکہ اُس کے پورے خاندان کو اضطراب، خوف اور اذیت میں مبتلا کر دیا جاتا ہے۔ یہ اذیت اس وقت اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے جب جبری طور پر لاپتا کیے گئے فرد کی لاش جعلی مقابلے میں مارے جانے کے دعوے کے ساتھ اُس کے گھر بھیجی جاتی ہے یا کسی اسپتال کے سرد خانے سے بازیاب ہوتی ہے۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران جبری گمشدہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس نے پورے بلوچ سماج کو اجتماعی اذیت اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ پہلے ہی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں نے ریاست کے خلاف عوامی غصے کو ہوا دی ہوئی ہے۔ عوام مسلسل انصاف اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، مگر اس کے برعکس ریاست نے عوامی تحریک کو کچلنے اور جبری گمشدگیوں و جعلی مقابلوں میں مزید شدت لانے کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی قیادت کے خلاف جبر اور تشدد کا استعمال بھی انہی بلوچ نسل کشی کے پالیسیوں کو وسعت دینے کا حربہ ہے۔ ہم ریاست کی ان پالیسیوں کو نہ صرف غیر انسانی بلکہ غیر قانونی بھی تصور کرتے ہیں، اور پرزور عوامی مزاحمت کے ذریعے اس کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

بی وائی سی کی قیادت کی گرفتاری اور قید ہرگز اس تحریک کی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ یہ تحریک جبر کے خلاف ہے، اور ہر باشعور بلوچ اس وقت تک اس جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کر چکا ہے جب تک ریاست بلوچ نسل کشی پالیسی سے دستبردار نہیں ہو جاتی۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور جعلی مقابلوں میں قتل کے واقعات میں ہوشربا اضافے اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی لیڈرشپ کی گرفتاری کے خلاف بی وائی سی 15 مئی سے بلوچستان بھر میں عوامی احتجاجی ریلیوں کے آغاز کا اعلان کرتی ہے۔

ہم بلوچ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں، اور بلوچ نسل کشی کے خلاف قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ جبری گمشدگی اور جعلی مقابلوں کے کیسز کا اندراج کرائیں، اور اپنی آواز بلند کریں۔ جس طرح بی وائی سی آپ کی امید ہے، اسی طرح آپ بھی بی وائی سی کی طاقت ہیں۔ یہ تحریک ہم سب پر ہونے والے جبر کے خلاف ہے، اور اس جدوجہد کو ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز