دہلی (ہمگام نیوز) بھارت میں، یکم جون تک جاری رہنے والے عام انتخابات کے ایک حصے کے طور پر، تقریباً 1 بلین رائے دہندگان نے وفاقی پارلیمان کے ایوان زیریں، پیپلز اسمبلی (لوک سبھا) کے اراکین کا تعین کرنے کے لیے ووٹ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
انتخابات میں مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دو درجن اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے خلاف تنہا مقابلہ کر رہی ہے جن كا كہنا ہے کہ ’جمہوری اداروں کو مودی کی آمرانہ حکومت سے بچانے کی ضرورت ہے۔‘ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں تقریباً ایک ارب ووٹرز پر مشتمل یہ انتخابات سات مرحلوں میں یکم جون تک جاری رہیں گے اور ووٹوں کی گنتی چار جون کو ہو گی۔
جمعہ کو سب سے بڑے مرحلے میں 21 ریاستوں اور وفاقی خطوں کے 102 حلقوں میں ساڑھے 16 كروڑ سے زیادہ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال كر رہے ہیں جن میں جنوب میں تامل ناڈو، چین کے ساتھ ہمالیہ کی سرحد پر واقع اروناچل پردیش اور شمال میں سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش شامل ہے۔
انتخابات میں ووٹرز 26 اپریل، 7، 13، 20، 25 مئی اور یکم جون کو ووٹ ڈالیں گے، جس کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہو اہے۔ تقریباً 1.4 بلین کی آبادی والے ملک میں تقریباً 968 ملین ووٹرز ہیں، جن میں سے 497 ملین مرد اور 471 ملین خواتین ہیں۔ ان میں سے 18 ملین پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔
سروے بتاتے ہیں کہ بی جے پی آسانی سے اکثریت حاصل کر لے گی حالانکہ ووٹرز کو دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی معیشت میں بے روزگاری، مہنگائی اور دیہی مسائل کے بارے میں شدید خدشات ہیں۔