نئی دہلی( ہمگام نیوز ) بھارت میں پٹاخوں کی فیکٹری دھماکوں سے تباہ ہو گئی جبکہ عمارت گرنے سے 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکوں کا واقعہ ریاست تامل ناڈو کے شہر کرشناگیری میں آج صبح کے وقت پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے اس قدر شدید تھے کہ عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، دھماکے کے باعث قریبی ہوٹل کی عمارت بھی گرگئی جبکہ مزید 4 عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 12 افراد زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ آگ بجھانے اور ملبے سے لوگوں کو نکلانے کے لیے فائر ٹینڈرز اور ریسکیو ٹیموں نے آپریشن کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد کی تعداد کا درست تعین نہیں کیا جا سکتا کیونکہ خدشہ ہے کہ ابھی مزید کچھ لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے دھماکوں کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے