دہلی (ہمگام نیوز) بھارت وزارتِ خارجہ نے جمعرات کوجاری کردہ بیان میں روس سے بھارتی شہریوں کی فوج میں بھرتی بند کرنے اور یوکرین جنگ کے دوران بھرتی کئے گئے بھارتیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بیان، ذرائع ابلاغ میں بھارتی شہریوں کی روسی فوج میں بھرتی سے متعلق مستقل بڑھتی ہوئی خبروں کے بعد، جاری کیا گیا ہے۔

بھارت وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ہے کہ حکومت نے گذشتہ سال کے دوران “اس نوعیت کے اقدامات سے متعلقہ خطرات اور نقصانات کو اجاگر کیا اور بھارتی شہریوں کو اس بارے میں خبردار کیا تھا”۔

بروز جمعرات جاری کردہ بیان میں بھی انہوں نے کہا ہے کہ “ہم نے یہ معاملہ روسی حکام کے سامنے دہلی اور ماسکو دونوں جگہ پر اٹھایا اور ان سے درخواست کی ہے کہ اس عمل کو بند کیا جائے اور ہمارے شہریوں کو رہا کیا جائے۔”

وزارت نے تمام بھارتی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ روسی فوج میں شامل ہونے کی کسی بھی پیشکش سے دور رہیں کیونکہ یہ ایک خطرناک راستہ ہے۔