شنبه, مارچ 7, 2026
Homeخبریںتربت تجابان میں خواتین سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے...

تربت تجابان میں خواتین سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج دوسرے روز میں داخل شاہراہ بند

تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے تجابان میں چار لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ نے انتظامیہ کی جانب سے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے خلاف ایک بار پھر سی پیک شاہراہ بلاک کر دی۔ احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے جہاں شدید سردی کے باوجود خواتین اور بچے رات کی تاریکی میں سڑک پر موجود ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ سے گزشتہ ہفتے ہونے والے مذاکرات میں لاپتہ افراد، خصوصاً خواتین کی بازیابی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا تھا تاہم وعدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث دوبارہ احتجاج شروع کرنا پڑا۔

احتجاج کرنے والوں کے مطابق ایک ہی خاندان کے چار افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں دو خواتین شامل ہیں جب کہ ان میں سے ایک خاتون 8 ماہ کی حاملہ بھی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اہلِ خانہ کی عدم بازیابی نے شدید تشویش کو جنم دیا ہے۔

 مظاہرین کے مطابق ان افراد پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں جنہیں اہلِ خانہ اور مظاہرین مسترد کرتے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف دنیا نئے سال کی تقریبات میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب بلوچستان میں خواتین اور بچے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے شدید سردی میں سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہیں۔

تاحال مقامی انتظامیہ یا سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز