Homeخبریںترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 116 ہو...

ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 116 ہو گئ۔

انقرہ (ہمگام نیوز) مانیٹرینگ نیوز ڈسک رپورٹس کے مطابق ترکی کے تیسرے سب سے بڑے شہر ازمیر میں جمعے کے روز آئے شدید زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 116 تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کے روز ریسکیو ٹیموں نے عمارتوں کا ملبہ ہٹانے اور لوگوں کی تلاش کا کام مکمل کر لیا۔

ترکی کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینیجمنٹ پریذیڈینسی کے سربراہ محمت گلو اوغلو کا کہنا ہے کہ ازمیر میں زلزلے سے منہدم ہونے والی 17 عمارات میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ اب تک ان عمارات سے 107 افراد کو زندہ نکالا جا چکا ہے۔

زخمی ہونے والے 1035 افراد میں سے 137 ابھی تک اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ریسیکو ورکروں کے جوش و جذبے میں منگل کے روز اس وقت اضافہ ہوا جب انہوں نے 91 گھنٹوں کے بعد ایک تین سالہ بچی کو ملبے کے اندر سے زندہ نکال لیا۔

زلزلے کے جھٹکے پورے مغربی ترکی سمیت یونان میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔  یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے اور زلزلے کے بعد سینکڑوں آفٹر شاکس بھی آئے۔

زلزلے کا مرکز بحیرۂ ایجین میں یونان کے جزیرۂ ساموس کی طرف تھا۔ زلزلے سے اس جزیرے پر بھی دو نوجوان ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے۔

زلزلے سے سمندر میں چھوٹے درجے کا ایک سونامی بھی پیدا ہوا تھا جو یونان کے جزیرۂ ساموس اور ازمیر کے ایک ضلع سے ٹکرایا تھا، جس کی زد میں آ کر ایک ضعیف خاتون ڈوب کر بھی ہلاک ہو گئی۔

Exit mobile version