جدہ ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں ساحلی شہر جدہ میں یوکرین بحران پر دوروزہ مذاکرات ہفتے کے روز شروع ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ کے مطابق ان مذاکرات میں یوکرین کے روایتی مغربی اتحادیوں کے علاوہ عالمی جنوب کے ممالک تک حصہ لے رہے ہیں۔ان میں بہت سے ممالک روس اوریوکرین کے درمیان تنازع میں کسی ایک فریق کے حق میں مؤقف اختیار کرنے سے گریزاں ہیں۔
جدہ میں مذاکرات میں قریباً 40 ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں اور دیگر سینیر حکام حصہ لے رہے ہیں۔یوکرین اور اس کے اتحادیوں کو امید ہے کہ ان مذاکرات کے شرکاء روس کی جنگ کو ختم کرنے کے لیے کلیدی اصولوں پر اتفاق کریں گے۔
اس فورم میں روس کو شامل نہیں کیا گیا ہے لیکن کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اس اجلاس پر نظر رکھے گا۔ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھنے والے چین نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ مذاکرات میں شرکت کے لیے یورپ اور ایشیائی امور کے خصوصی ایلچی لی ہوئی کو بھیجے گا۔