کوئٹہ(ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت کے گیارہویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواب اکبرخان نے خطے اور دنیا کی بدلتی صورتحال کا تجزیہ کرکے بلوچستان کی آزادی کی ضرورت محسوس کرکے اسی راستے کا انتخاب کیااور متاثر کن کردار ادا کیا، جو آج مشعل راہ ہے۔ سترہ سالوں سے جاری فوجی آپریشن میں بلوچ قوم نے رہنماؤں سمیت بے شمار لوگوں کی قربانی دی ہے۔ یہ قربانیاں ایک آزاد بلوچستان کیلئے ہیں اور ایک دن ضرور رنگ لائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ کل 27 اگست کو اتوار کے دن جنوبی کوریا کے شہر بوسن میں بوسن اسٹیشن کے سامنے پاکستانی مظالم کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ یہ احتجاج آواران کولواہ سمیت بلوچستان میں جاری پاکستانی فوج کی بربریت کے خلاف کیا جارہاہے۔ پاکستان کی دہشت گردانہ اعمال کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ پاکستان نے جس طرح دنیاکو دھوکے میں رکھ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر پیسے بٹور کر دہشت گردوں کو پناہ دی وہ سب کے سامنے عیان ہے۔ اسامہ بن لادن سے لیکر ملا منصور اختر تک سب پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں میں زندگی گزار نے کے دوران مارے گئے۔ دوسری طرف انہی پیسوں اور امریکی جنگی ہیلی کاپٹروں کو بلوچوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے سوشل میڈیا کے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کل ستائیس اگست کو جنوبی کوریا میں احتجاج کے دوران بلوچستان کے وقت کے مطابق چار سے آٹھ بجے سوشل میڈیا میں ہیشٹیگ #AwaranOperation کا استعمال کرکے آواران کولواہ و گرد و نواح میں پانچ دنوں سے جاری فوجی بربریت و مظالم کو دنیا کے آشکار کرنے میں ہماری مدد کریں۔