کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) بلوچ نیشنل موؤمنٹ کے مرکزی ترجمان نے جارحیت کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکے،جھاؤ،پروم،دشت، آواران،سوئی،جعفر آباد و دیگر کئی علاقوں میں آپریشن عروج پر ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ فورسز نے مشکے کے علاقے منجھے،دراج کور ،پچھوڑ میںآبادیوں کو نشانہ بنایا اور گزشتہ دو روز سے لوگ محصور ہیں جبکہ گھروں کو جلایا گیا اور خواتین و بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں فورسزمحاصرے کی وجہ سے تاحال کسی کو ان علاقوں میں جانے کی رسائی نہیں جس سے مکمل تفصیلات تک رسائی نہیں ہو پا رہی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سے جھاؤ میں جاری آپریشن میں وسعت لاتے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں فورسزنے جھاؤ کے علاقوں جھاؤ زیلگ،چھبی،دولوجی،کوہڈو،کورک اور شندی میں نئی چوکیاں قائم کرنے کے ساتھ آبادیوں کو محاصرئے میں رکھا ہوا ہے اور خواتین و بچوں کو حراساں کرنے کے ساتھ چادر و چار دیواری کی پامالی فورسز کی معمول بن چکی ہے۔ مرکزی ترجمان نے کہا پنجگور کے علاقے پروم میں بھی بھاری زمینی فوجی نقل و حرکت کے ساتھ فضائی طیاروں کی سروئے جاری ہے خدشہ ہے کہ وہاں بھی جاری آپریشن میں وسعت لائی جائے گی۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ ریاست اور مالک رجیم گوادر اقتصادی راہداری اوربلوچستان میں کی جانے والے دیگر معاہدوں کو تکمیل تک پہنچانے کے لے انسانیت کش پالیسیوں میں تیزی لا رہے ہیں جو دنیا کی مہذب ممالک و اقوام کے لیے لمحہ فکرہے ۔ایسے حالات میں جب بلوچ قوم کی اجتماعی نسل کشی میں تیزی لائی جا رہی ہے ،آبادیوں کو فضا ئی بمباری و زمینی فورسزکے ذریعہ مکمل تباہ کیا جا رہا ہے،اقوام متحدہ و دیگر انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی انتہائی افسوس ناک ہے۔


