جیونی(ہمگام نیوز) جیونی میں محکمہ فشریز اور حکومتی پُشت پناہی اور سر پرستی میں چلنی والی غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف ماہیگیروں کا احتجاج۔
ماہیگیروں کی احتجاجی ریلی سمندر کے کنارے سے شروع ہوکر مین بازار سے ہوتے ہوئے تحصیلدار آفس پہنچی،تحصیلدار کو یاداشت بھی پیش کی گئی جس کے بعد ریلی مین روڈ سے ہوتے ہوئے شہداے جیونی چوک پر اختتام پزیر ہوگئی۔
اس موقع پر ماہیگیروں کے نمائندوں نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرالروں کی موجودگی کے باعث چھوٹی کشتیوں کا شکار کرنا ناممکن بن چکا ہے جسکی وجہ سے مقامی ماہیگیر معاشی بدحالی کے شکار ہیں، اس کے علاوہ یہ سمندری و آبی حیات کی افزائش نسل کے لئے بھی شدید خطرناک ہے۔ اس طرح کی غیر قانونی ٹرالنگ سے بلوچستان کے سمندر مکمل طور پر بانجھ ہونے کے قریب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کئی دفعہ محمکہ فشریز اور ضلعی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کر چُکے ہیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس سے یہ خدشہ تقویت پکڑ رہا ہے کہ یہ سب ان کی پُشت پناہی اور سرپرستی میں ہورہا ہے۔
اج یہ احتجاج صوبائی حکومت ,محکمہ فشریز اور ضلعی انتظامیہ کے لیے ایک پیغام ہے اگر ٹرالرنگ کے تدارک کے لیے فوری اقدامات نہیں اٹھائے گیے تو آئندہ ہم سخت ترین احتجاج کی کال دینگے۔