یروشلم (ہمگام نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرنے والے اسرائیل کی ملٹری خفیہ ایجنسی کے سربراہ میجر جنرل اہارون حالیوا مستعفی ہو گئے۔
خبر کے مطابق ،اہارون حلیوا نے 7 اکتوبر کو حماس حملے روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
حلیوا ،حماس کے 7 اکتوبر حملے کے بعد مستعفی ہونے والی اسرائیل کی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں ۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ نے ملٹری انٹیلی جنس چیف کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس چیف کا استعفیٰ دیگر فوجی افسران کے لیے بھی حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں تقریباً 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جبکہ حماس نے 250 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔