خاران (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار دو بھائیوں حضرت علی سیاپاد اور مبارک سیاپاد کے لواحقین کی جانب سے گزشتہ روز شٹرڈاون ہڑتال کی کال دی گئی تھی جسکا سیاپاد قومی اتحاد نے حمایت کیا تھا۔ آج بروز 6 فروری کو خاران میں شٹرڈاون ہڑتال ہے جبکہ لواحقین کی جانب سے ریڈ زون پر دھرنا جاری ہے۔
ریڈ زون میں جاری دھرنے میں آج خاران کے تمام مکاتب فکر نے شرکت کی ہے۔ دھرنے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان نے بھی شرکت کی ہے۔ بی وائی سی خاران کے فیسبک ہینڈل سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق “سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ مبارک بلوچ اور اسکے چھوٹے بھائی حافظ علی بلوچ کی فیملی کی جانب سے آج دوسرے روز خاران ریڈ زون میں دھرنا جاری ہے خاران کے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے اپیل ہے کے وہ اس مشکل وقت میں لاپتہ فیملی کا ساتھ دیں ۔ “
یاد رہے کہ مبارک سیاپاد کو گزشتہ دنوں خاران گرلز شاپنگ سینٹر سے فورسز نے اغواء کیا جبکہ اس کے چھوٹے بھائی حضرت علی کو کوئٹہ صدام ہوٹل سے اداروں نے اُٹھایا گیا ہے۔