سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںخاران: شفقت اور عجاب یلانزئی کی اغواء نما گرفتاری اور بے بنیاد...

خاران: شفقت اور عجاب یلانزئی کی اغواء نما گرفتاری اور بے بنیاد الزامات کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جائے گی

خاران(ہمگام نیوز) خاران سے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جبراً حراست میں لیے گئے شفقت یلانزئی اور عجاب یلانزئی کے لواحقین کی اپیل پر کل خاران میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

 

لواحقین کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق عجاب یلانزئی اور شفقت یلانزئی کے اغوا نما گرفتاری اور بے بنیاد الزامات کے خلاف خاران میں کل سہہ پہر 3 بجے بروز منگل شہید نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم تا پریس کلب ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

 

لواحقین نے کہا ہے کہ عوام سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں اور بروقت شہید نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم پہنچ جائیں اور اس ریلی میں شرکت کر کے ایک ذمہ دار انسان ہونے کا فرض نبھائیں۔

 

واضح رہے کہ شفقت یلانزئی کو سی ٹی ڈی نے 23 اکتوبر جبکہ عجاب یلانزئی کو ایف سی نے 26 اکتوبر کے روز حراست میں لیا تھا۔

 

جبری گمشدگی کے چند روز بعد سی ٹی ڈی حکام نے میڈیا کے ذریعے شفقت یلانزئی پر الزام عائد کیا کہ وہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کے قتل میں ملوث تھا۔ سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا کہ شفقت یلانزئی کا تعلق بی ایل اے سے ہے تاہم بی ایل اے نے سی ٹی ڈی کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

 

دوسری جانب شفقت یلانزئی کے والد نے سی ٹی ڈی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت محمد نور مسکانزئی پر حملہ ہوا اس وقت شفقت گھر میں موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز