خرطوم (ہمگام نیوز) عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں نیم فوجی سریع الحرکت سپورٹ فورسز [آر ایس ایف] نے دارلحکومت خرطوم میں نظامت جنرل انٹلی جنس سروس کے ہیڈکوارٹر پر گولا باری کی ہے۔

سوڈانی فوج کی جاری کردہ تصاویر میں انٹلی جنس ہیڈکوارٹر کی عمارت میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کی تصاویر جاری کی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق یہ ہیڈکوارٹر اسی کمپلکس میں واقع ہے جس میں مسلح افواج کا جنرل کمانڈ آفس، وزارت دفاع اور صدر کی رہائش گاہ بھی واقع ہیں۔

قبل ازیں منگل کے روز عینی شاہدین نے خرطوم کے صنعتی علاقے کے قریب آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع دی تھی۔ ’’العربیہ‘‘ کی ایک نیوز رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خرطوم کے جنوبی علاقے سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔

مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا یہ بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے سوڈانی فوج اور نیم فوجی ملیشیا آر ایس ایف پر زور دیا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر کئے جانے والے اقدامات میں سہولت فراہم کریں۔

ماضی میں امریکہ اور سعودی عرب کی نگرانی میں جدہ میں طے پانے والے جنگ بندی اقدامات کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی بنیادوں پر ہنگامی امداد پہنچائی گئی، تاہم دونوں متحارب گروپ سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔