قفقفاز ( هگام نیوز ) یوکرین کی سرحد سے متصل روس کے علاقے برائنسک میں ایک ہیلی کاپٹرکو مار گرایاگیا ہے۔

روس کے سوشل میڈیا پر ہفتے کے روز پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں اس ہیلی کاپٹر کو گرتے ہوئے دیکھاجا سکتا ہے اور بتایا گیا ہے کہ روس کا ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر برائنسک میں واقع شہرکلنتسی میں گرکر تباہ ہوا ہے۔

روس کے سرکاری خبررساں ادارے ’تاس‘نے ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار کی فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کوسرحد سے قریباً 40 کلومیٹردور کلنتسی کے قریب حادثہ پیش آیا ہے اور اس کے انجن میں آگ لگ گئی تھی۔

ٹویٹرپرپوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا گیاہے کہ ہیلی کاپٹرکو طیارہ شکن میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ لیکن اس ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی جا سکی جس میں کہا گیا ہے کہ روسی ساختہ ایم آئی 8 ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹرکومیزائل سے مار گرایا گیا ہے۔

تاہم روس کے جنگ نواز ٹیلی گرام چینل فوینی اوسفیدومیٹل پرپوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر آسمان کی بلندی پر پھٹ رہا ہے اور پھر اسے آگ کی لپیٹ میں زمین کی طرف گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

چینل پرپوسٹ کی گئی دیگر تصاویر میں ایک زرعی کھیت میں ملبہ دکھایا گیا ہے۔روسی ساختہ ایم آئی -8 کے فوجی اورشہری استعمال کی ایک وسیع رینج ہے۔یوکرین کی جانب سے فوری طورپراس واقعہ پرکوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔