شنبه, مارچ 7, 2026
Homeخبریںروس نے ایٹمی توانائی سے چلنے والے بیوریوسٹ نک(Burevestnik) کروز میزائل کا...

روس نے ایٹمی توانائی سے چلنے والے بیوریوسٹ نک(Burevestnik) کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ماسکو (ہمگام نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یہ میزائل ہر قسم کے دفاعی نظام کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جلد اسے روسی افواج میں شامل کیا جائے گا۔

پیوٹن کے مطابق یہ تجربہ گزشتہ ہفتے ہونے والی ایٹمی مشقوں کے ساتھ کیا گیا، جو مغرب کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ روس یوکرین جنگ پر کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔

روسی فوج کے سربراہ جنرل ویلیری گیراسیموف نے بتایا کہ میزائل نے 21 اکتوبر کو ہونے والے تجربے میں 14 ہزار کلومیٹر تک پرواز کی اور 15 گھنٹے تک فضا میں رہا۔ روس کے مطابق 9M730 بیوریوسٹ نک، جسے نیٹو نے SSC-X-9 اسکائی فال کا نام دیا ہے، ایک ایسا ہتھیار ہے جو موجودہ اور مستقبل کے میزائل دفاعی نظاموں کو غیر مؤثر بنا سکتا ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ یہ ایک منفرد ہتھیار ہے جو دنیا میں کسی اور ملک کے پاس نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدا میں ماہرین کو اس منصوبے کے ممکن ہونے پر شبہ تھا، مگر اب اس کا اہم تجربہ مکمل ہو چکا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس پر دباؤ بڑھانے اور یوکرین میں جنگ بندی کے لیے سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔ پیوٹن نے کہا کہ اگر روس پر حملہ ہوا تو جواب انتہائی سنگین ہوگا۔

پیوٹن نے حال ہی میں روس کی جوہری فورسز کی مشقوں کی نگرانی بھی کی، جن میں یارس اور سینیوا بین البراعظمی میزائلوں کے تجربات شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی جوہری صلاحیت دنیا کی کسی بھی طاقت سے زیادہ جدید ہے۔

روسی جنرل گیراسیموف نے مزید بتایا کہ روسی افواج نے یوکرین کے علاقے پوکروفسک میں بڑی تعداد میں یوکرینی فوجیوں کو گھیر لیا ہے اور خارکیف، دنیپروپیٹروسک اور زاپوریزیا کے محاذوں پر پیش قدمی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز