زاہدان (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق 25 جنوری 2025 کو زاہدان کی مرکزی جیل میں ایک بلوچ قیدی کو سزائے موت دے دی گئی، جسے اس سے قبل قتل کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
پھانسی پانے والے بلوچ قیدی کی شناخت محمد نوحانی کے نام سے ہوئی ہے، جوکہ دشتیاری کے علاقے باہوکلات کے علاقے بسوت کے رہائشی تھے۔
ذرئع کے مطابق محمد نوحانی کو سال 2013 میں ان کے آبائی علاقے میں واقع ذاتی گھر پر قابض ایرانی فورسز کے چھاپے کے دوران حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں ان پر قتل کا الزام عائد کیا گیا، عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں سزائے موت سنائی گئی، جو بالآخر آج علی الصبح نافذ کر دی گئی۔
باخبر ذرائع کے مطابق، پھانسی کے وقت تک قیدی کے اہلِ خانہ کو سزائے موت کے درست وقت سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا، اور دیگر کئی ایسے ہی واقعات کی طرح، اہلِ خانہ کو آخری ملاقات کا حق بھی واضح اور باضابطہ طور پر فراہم نہیں کیا گیا۔


