Homeخبریںسانحہ ڈنُّک کے خلاف پورا بلوچستان سراپا احتجاج، آج پنجگور، پسنی، دشت...

سانحہ ڈنُّک کے خلاف پورا بلوچستان سراپا احتجاج، آج پنجگور، پسنی، دشت کھڈان میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں

پنجگور/پسنی/دشت کھڈان(ہمگام نیوز) سانحہ تربت جس میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر 26 مئی کی علی الصبح ایک بلوچ خاتون بی بی ملک ناز شہید ہوگئی تھیں اور اسی واقعہ میں ان کی چار سالہ بیٹی برمش زخمی ہوگئی تھی کے خلاف عوامی احتجاج نے پورے بلوچستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور شہر شہر احتجاج کیا جارہا ہے۔ آج بھی شہید ملک ناز اور برمش سے اظہار یکجہتی اور واقعے میں ملوث اصل ملزم سمیر سبزل کو گرفتار کرکے اس پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے پنجگور، پسنی اور دشت کُھڈان میں ریلی نکالی گئی۔

آج کے احتجاج میں پنجگور سے سب سے بڑا عوامی جلوس نکالا گیا۔ عوامی ریلی پنجگور میں جاوید چوک سے نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پنجگور بازار پہنچی جہاں اس جلوس نے جلسے کی شکل اختیار کرلی۔

اسی طرح پسنی میں بھی ایک ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب تک پہنچ گئی جہاں ریلی نے مظاہرے کی شکل اختیار کرلی۔

شرکا نے شہید بی بی ملک ناز سے اظہار یکجہتی اور واقعے میں ملوث مجرمان کی گرفتاری کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ شرکا نے اسی حوالے سے شدید نعرے بازی بھی کی اور شرکا سے خطاب بھی کیا گیا۔ تمام مقررین نے ایک ہی مطالبہ دھرایا کہ بی بی ملک ناز کی شہادت اور برمش کا زخمی ہونا بلوچ روایات میں بلوچستان کی عوام اور بلوچ قوم کی غیرت سے کھیلنے کے مترادف ہے اور ہم اس کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دیں گے۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سمیر سبزل کو فوری طور پر گرفتار کرکے اس پر ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج کرکے سزا دی جائے۔

Exit mobile version