دوشنبه, سپتمبر 30, 2024
Homeانٹرنشنلسعودی و ایرانی ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ قاسم سلیمانی کے مجسموں...

سعودی و ایرانی ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ قاسم سلیمانی کے مجسموں کی بھینٹ چڑھ گیا

اصفہان (ہمگام نیوز ) ایران کے شہر اصفہان میں جاری اے ایف سی چیمپیئنز لیگ میں سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘ کا ایرانی فٹبال کلب سباھان‘ کے ساتھ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ میچ اس وقت باقاعدہ طور پر منسوخ ہوا جب سعودی کھلاڑیوں اور حکام نے سٹیڈیم میں قاسم سلیمانی کے مجسمے دیکھ کر میدان میں اترنے سے انکار کر دیا۔

قاسم سلیمانی ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ تھے اور جنوری 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

سعودی فٹبال ٹیم کا گروپ سی کا دوسرا میچ پیر کی شام سات بجے ہونا تھا لیکن سعودی کھلاڑیوں نے عندیہ دیا کہ جب تک مجسمے ہٹائے نہیں جاتے، وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لینے کے بعد، سعودی وفد نے فوری طور پر گراؤنڈ چھوڑ دیا اور وہ وطن واپس جانے کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہو گئے۔

اس کے بعد اے ایف سی نے ایک بیان جاری کیا جس کے مطابق ’اے ایف سی چیمپیئنز لیگ 2023/24 میں سعودی الاتحاد فٹبال کلب اور ایرانی سباھان فٹبال کلب کا اصفہان کے نقشِ جہاں سٹیڈیم میں گروپ سی کا میچ غیرمتوقع حالات کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے۔‘

’اے ایف سی کھلاڑیوں، میچ کے متعلق دیگر عملے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی سلامتی اور تحفظ کے عزم کو دہراتا ہے۔‘ ’اب یہ معاملہ متعلقہ کمیٹیوں کو بھیجا جائے گا۔‘

سعودی سپورٹس کمپنی ایس ایس سی سٹیشن نے کہا ہے کہ ’سعودی فیڈریشن کے کھلاڑی ایران کے سباھان اصفہان سٹیڈیم میں قاسم سلیمانی کا مجسمہ دیکھ کر کھیلے بغیر چلے گئے اور میچ منسوخ کردیا گیا۔‘ سعودی فیڈریشن نے میچ کی منسوخی کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی کے پابند ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں

فیچرز