Homeخبریںسلامتی کونسل کا یرموک کیمپ تک رسائی کا مطالبہ

سلامتی کونسل کا یرموک کیمپ تک رسائی کا مطالبہ

نیویارک(ہمگام نیوز)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ یرموک تک رسائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انہیں انسانی امداد فراہم کی جا سکے جو ناگزیر ہو چکی ہے ۔اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے 20 ہزار فلسطینیوں پر مشتمل اس کیمپ میں صورتحال کو ناگفتہ بہ قرار دیا ہے ۔ایک ہفتہ قبل داعش کے حملے کے بعد کیمپ کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور اس وقت داعش کیمپ کے بیشتر حصے پر قابض ہے ۔ فلسطینی اور شامی باغی مل کر داعش کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں فلسطینیوں اور شامی باغیوں نے کیمپ کا قبضہ داعش سے چھڑا لیا تھا تاہم بعد میں داعش نے پھر کیمپ کے بیشتر حصے پر قبضہ کر لیا۔ سلامتی کونسل میں اردن کی سفیر دینا کور نے پناہ گزینوں کے تحفظ، انسانی امداد اور جان بچانے کیلئے امداد کا مطالبہ کیا تھا۔سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں فلسطینی امدادی ایجنسی نے کیمپ میں صورت حال کو ہمیشہ سے زیادہ خراب قرار دیا۔ فلسطینی سفیر ریاض منصوری نے کہا کہ فلسطینی مہاجرین کا تحفظ حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔انہوں نے سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کو یا تو شام میں کسی اور جگہ یا پھر کسی اور ملک منتقل کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق کیمپ میں نہ خوراک ہے اور نہ پانی جبکہ ادویات بھی بہت کم ہیں، لوگ اپنے گھروں میں مقید ہیں،سڑکوں پر لڑائی ہو رہی ہے ،کچھ افراد اپنی جانیں بچا کر کیمپ سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ دیگر لوگ بھی نکلنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ یرموک کیمپ 1948 میں عرب اسرائیل جنگ کے بعد نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کیلئے قائم کیا گیا تھا۔شام میں جاری خانہ جنگی میں اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 10 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ –

Exit mobile version