بدین (ہمگام نیوز ڈیسک ) سندھ کے ضلع بدین میں سوشل میڈیا پر پہلے دوستی اور بعد میں تصاویر کے ذریعے بلیک میلنگ سے تنگ لڑکی نے خودکشی کرلی۔
تھانا ٹنڈو غلام علی پولیس کے مطابق بارہویں جماعت کی طالبہ نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کی۔ورثاء نے اپنے بیان میں بتایا کہ حیدرآباد کے علاقے کا رہائشی نوجوان اور اسکے دو ساتھی بیٹی کو ایڈٹ شدہ تصاویر کے ذریعے بلیک میل کررہے تھے اور اسی بہانے 50 ہزار روپے بھی وصول کرچکے تھے، اس بات کا انکشاف انہیں بیٹی کے لکھے گئے خط سے ہوا۔
ورثاء کے مطابق ملزمان نے ایڈٹ شدہ تصاویر لڑکی کے منگیتر کو بھی بھیجی تھی، جس سے منگنی بھی ٹوٹ گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گھروں سے فرار ہیں، لیکن انھیں جلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی پورا کرکے عدالتی کٹہرے میں لاکر کھڑا کرینگے۔