سوڈان ( ہمگام نیوز ) افریقی ملک سوڈان میں نیم فوجی دستوں پر مشتمل ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت الفاشر کے باہر قحط زدہ اور بے گھر افراد کے ابو شوق نامی کیمپ پر حملہ کر کے 40 افراد کو ہلاک کر دیا۔
انسانی حقوق کے لیے سرگرم مقامی گروپوں نے کہا کہ یہ حملہ پیر کے روز کیا گیا۔ ایمرجنسی ریسپانس رومز نامی گروپ، جو سوڈان بھر میں امدادی کام کرتے ہیں ، نے سوشل میڈیا ایپس فیس بک پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا یےکہ آر ایس ایف، جو سوڈانی فوج کے خلاف برسرپیکار ہے، کے مسلح ارکان نے اس کیمپ کے بعض حصوں پر چھاپہ مارا اور عارضی قیام گاہوں میں موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس گروپ کے مطابق کم از کم 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انھوں نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً چار لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد کو پناہ دینے والا ابو شوق کیمپ جنگ کے دوران بارہا حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ الفاشر شہر پر فوج کا کنٹرول ہے لیکن آر ایس ایف وقفے وقفے سے وہاں حملے کرتی رہی ہے۔
ادھر الفاشر کی مزاحمتی کمیٹیوں نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے فیس بک پر کہا ہےکہ یہ منظرنامہ ’’بے گناہ اور نہتے عوام کے خلاف کیے جانے والے ہولناک مظالم کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ یہ کمیٹیاں مقامی شہریوں پر مشتمل ہیں، جن میں انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل ہیں۔
ییل یونیورسٹی کی ہیومینیٹیرین ریسرچ لیب نے سیٹلائٹ تصاویر جاری کی ہیں، جن میں پیر کے روز ابو شوق کیمپ میں 40 گاڑیوں کی موجودگی دیکھی جا سکتی ہے ۔















