نیویارک(ہمگام نیوز ) اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جمعرات کو سوڈان کے ایک گاؤں پر پیراملٹری فورسز کے حملے کی مذمت کی ہے جس میں مبینہ طور پر 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔
جمہوریت کے حامی گروپ مدنی مزاحمتی کمیٹی نے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) جو اپریل 2023 سے باقاعدہ فوج کے ساتھ جنگ آزما ہیں، نے بدھ کے روز الجزیرہ ریاست کے وسطی گاؤں ود النورۃ پر بھاری توپ خانے سے حملہ کر دیا۔
کمیٹی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد “104 سے زیادہ” ہے۔
انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا، “سیکریٹری جنرل 5 جون کو ریاست جزیرہ کے ود النورۃ گاؤں میں آر ایس ایف کے مبینہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زیادہ بتائی گئی ہے۔” انہوں نے سوڈان میں جنگ کے تمام فریقوں سے ایسے حملوں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا جن سے شہریوں کو نقصان پہنچے۔
سوڈان جنرل عبدالفتاح البرہان کے زیرِ قیادت فوج اور ان کے سابق نائب جنرل محمد حمدان دقلو کے زیرِ قیادت نیم فوجی دستوں کے درمیان جنگ بھگت رہا ہے۔
دوجارک نے کہا، “سیکریٹری جنرل نے مسلسل دشمنی کے نتیجے میں سوڈانی آبادی کو درپیش بے پناہ مصائب کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔”
ترجمان نے مزید کہا، “وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام فریق سوڈان میں اپنی بندوقیں خاموش کر دیں اور سوڈانی عوام کے لیے پائیدار امن کی راہ پر گامزن ہوں۔”