Homeخبریںسکیورٹی ایجنسیوں نے نطنز میں واقع جوہری تنصیب میں دھماکے کے ذمے...

سکیورٹی ایجنسیوں نے نطنز میں واقع جوہری تنصیب میں دھماکے کے ذمے داروں کی شناخت کر لی ہے: ایران

سکیورٹی ایجنسیوں نے نطنز میں واقع جوہری تنصیب میں دھماکے کے ذمے داروں کی شناخت کر لی ہے: ایران

تہران (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایران نے نطنز میں واقع اپنی جوہری تنصیب میں جولائی میں ہونے والے دھماکے کی وجوہ کے تعیّن اور اس کے ذمے داروں کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے ملک کی جوہری توانائی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال آفندی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’ سکیورٹی ایجنسیوں نے اس دھماکے کے ذمے داروں کو شناخت کر لیا ہے اور اس کا بھی پتا چلا لیا ہے کہ یہ دھماکا کیسے ہوا تھا۔‘‘

تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا واقعے میں ملوّث کسی مبیّنہ ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔نیز انھوں نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی اور صرف یہ کہا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

کمال آفندی نے گذشتہ ماہ ایک بیان میں کہا تھا کہ نطنز میں دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ تھا۔

واضح رہے کہ دو جولائی کو ایران کے سرکاری میڈیا نے یہ اطلاع دی تھی کہ ملک کے وسط میں واقع’’ نطنز جوہری تنصیب میں ایک تعمیراتی جگہ پر’’ واقعہ ‘‘رونما ہوا ہے لیکن اس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

تاہم کمال آفندی ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ اس دھماکے سے نمایاں نقصان ہوا تھا اور اس سے ایڈوانس سینٹری فیوجز کی تیاری کی رفتار سست ہوسکتی ہے۔

Exit mobile version