تہران(ہمگام نیوز ) ایرانی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی انقلابی گارڈز کے افسروں محمد علی عطائی شورچہ اور پناہ تقی زادہ کو اس وقت مار دیا گیا ہے جب وہ ’’ سیرین اسلامک رزِسٹنس فرنٹ‘‘ میں مشاورتی مشن انجام دے رہے تھے۔

ایرانی نیوز ایجنسی ’’ تسنیم‘‘ کے مطابق پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر ان کے قتل کا الزام لگایا۔ بیان میں دونوں ایرانی افسران کے قتل کے حالات یا تاریخ کا ذکر نہیں کیا گیا۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ہفتے کو اطلاع دی کہ شام پر اسرائیلی فضائی حملوں میں لبنانی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے دو ارکان ہلاک اور سات دیگر ارکان زخمی ہو گئے۔ آبزرویٹری نے کہا کہ چھاپوں میں دمشق کے دیہی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

قبل ازیں شام کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کی صبح دمشق کے نواح میں حملے کئے ہیں۔ ان حملوں میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔

شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کی صبح لگ بھگ ایک بج کر 35 منٹ پر اسرائیل نے مقبوضہ شام کے گولان کی سمت سے فضائی حملہ کیا۔ اس میں دمشق شہر کے آس پاس کے بعض مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین نے بھی بتایا کہ انہوں نے دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے ایجنسی فرانس پریس کو بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے دمشق کے جنوب میں سیدہ زینب رضی اللہ عنھا کالونی کے پڑوس میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ یاد رہے 2011 میں تنازع کے آغاز کے بعد سے اسرائیل نے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کئے ہیں۔