صنعاء(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے دارالحکومت صنعا پر 3 گھنٹوں کے دوران 20 مرتبہ بمباری کی ہے۔المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس بار جارح سعودی اتحاد نے دارالحکومت صنعا کے ٹیلی کمیونیکیشن ادارے کے ٹاوروں کو نشانہ بنایا۔کل بھی سعودی اتحاد نے دارالحکومت صنعا کے “الن دین” “الحفا” اور “السبعین” کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا تھا۔آخری اطلاع ملنے تک ان حملوں میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی تھی۔سعودی اتحاد نے حالیہ ہفتوں کے دوران یمن کے مختلف شہروں کے رہائشی علاقوں کو بارہا اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج کی آپریشنل کمان نے بھی اس ملک کے مغربی صوبے الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہنے کی خبردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد اوراس کے زرخرید ایجنٹوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ الحدیدہ میں کئی بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے خلاف سعودی حکومت اوراس کے اتحادیوں کے حملوں اورجارحیت کا سلسلہ مارچ دوہزار پندرہ سے جاری ہے۔ ان حملوں میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بیگھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔یمن پر سعودی اتحاد کی فوجی جارحیت میں اس ملک کی پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی تنصیبات تباہ ہوچکی ہیں اور بری، بحری و فضائی محاصرے کے نتیجے میں یمنی عوام کو غذائی اشیا اور جان بچانے والی دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔