دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںطلبا کا بولان یونیورسٹی کے میڈیکل ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف...

طلبا کا بولان یونیورسٹی کے میڈیکل ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج

کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) کوئٹہ پریس کلب کے سامنے میڈیکل انٹری ٹیسٹ دینے والے طلبا کی طرف سے بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کی طرف سے لیے جانے والے انٹری ٹیسٹ میں بےضابطگیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

طلبا نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے دوران پیپر لیک ہونا ٹیسٹ لینے والے ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

انھوں نے پرچہ لیک ہونے کے شواہد موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ میں اتنی سخت سیکورٹی کے باوجود طلبا کا امتحان حال میں موبائل لے جانا اور پیپر کا لیک ہونا محنت کش طلبہ کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

انھوں نے ٹیسٹ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ کو دوبارہ پی ایم ڈی سی کے اصولوں کے مطابق صاف و شفاف طریقے سے لیا جائے۔

متاثرین نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کے دوران کوارڈینیٹرز نے اپنے من پسند لوگوں کو سوالات کے جوابات بھی بتائے اور ٹیسٹ پی ایم ڈی سی کے قوانین کے مطابق نہیں بنایا گیا تھا۔

مظاہرے میں طلبہ تنظیم اور سماجی کارکنان نے کہا کہ بلوچستان میں سابقہ اور موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کہ وجہ سے خطے میں ہر طبقہ مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ آئے روز پریس کلب میں احتجاجی مظاہرے اور بھوک ہڑتالی کیمپ دیکھنے کو ملتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے طلبا کے لیے اتنی سخت شرائط رکھنا ان کے ساتھ زیادتی ہے۔ بلوچستان میں پہلے ہی نظام تعلیم تباہ حالی کا شکار ہے۔

آخر میں مظاہرین نے حکومتِ بلوچستان اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر طلبہ کو انصاف دلایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز