بغداد( ہمگام نیوز ) عراقی صوبے بابل میں ایک ہولناک جرم سامنے آیا ہے جہاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ “فیس بک” ایپلی کیشن پر “ایموجی” کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ایک عراقی سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بابل کے جنوب میں الکفل شہر میں رہنے والے ایک خاندان کو اس کے رشتہ داروں نے مسلح حملے کا نشانہ بنایا، کیونکہ اس خاندان کے ایک فرد نے ’اداس‘ کی بجائے ایک فوت شدہ شخص کی تصویر پر ہنستے چہرے کی ایموجی لگا دی تھی۔ فوت ہونے والا ان کا ایک رشتہ دار تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقتول شخص کے اہل خانہ نے اپنے رشتہ دار کی برسی کے موقع پر اس کی تصویر شائع کی، لیکن مقتول کے خاندان کے ایک فرد نے جو کم عمر اور ان پڑھ ہے، نے ایک ایموجی لگایا۔ یہ ہنستے چہرے کی ایموجی تھی جس پر مرنے والے کے گھر والوں کو شدید غصہ آیا۔
اچانک حملہ اور فائرنگ
متاثرین کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ وہ بدھ کی شام کو ان کے گھر پر بغیر پیشگی انتباہ کے اچانک حملے اور ان کی طرف ہتھیاروں سے فائر شروع ہونے سے حیران رہ گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کے سربراہ کی موت واقع ہوگئی۔ اس کا ایک بھائی اور بھتیجا زخمی ہوگئے۔
متاثرہ خاندان نے اس بات کی نفی کی کہ دونوں خاندانوں میں کوئی پرانی ناچاقی چل رہی تھی۔