Homeخبریںعمان اور ایران میں گزشتہ روز سمندری طوفان شاہین کے ساحلی پٹی...

عمان اور ایران میں گزشتہ روز سمندری طوفان شاہین کے ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے بعد 9 افراد ہلاک ہوگئے

کوئٹہ (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق عمان کے حکام کا کہنا تھا کہ عمان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 2 افراد اور سیلاب کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

عمان نیشنل کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ (این سی ای ایم) نے کہا کہ مسقط کے صوبے روسائل صنعتی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والے گھر سے ریسکیو ٹیموں نے دو ایشیائی مزدورں کی لاشیں نکال لیں۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت میں سیلاب کے باعث ایک بچے کا انتقال ہوا جبکہ دوسرا شہری لاپتا ہوگیا ہے۔

عمان کے شمالی ساحل پر ہوا کی رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد ہونے کے باعث پروازیں منسوخ کردی گئیں یا پھر تاخیر کا شکار ہیں۔

دوسری طرف ایران میں پارلیمنٹ کی نیوز ایجنسی ‘آئی سی اے این اے’ نے پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر علی نیک زاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے سمندر، جنوب مشرقی صوبہ سیستان-بلوچستان میں چاہ بہار بندرگاہ میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

صوبائی گورنر حسین مدرس خیابانی نے ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘ارنا’ کو بتایا کہ انفرا اسٹرکچر، بجلی کی تنصیبات اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان کا مرکز صوبے کے ساحل سے 220 کلومیٹر (130 میل) دور واقع تھا۔

ایمرجنسی سروسز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

عمان کی سرکاری خبر ایجنسی نے کہا کہ مسقط انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آنے اور جانے والی پروازوں کو احتیاطی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، حکام نے عوام پر زور دیا کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔

عمان کی حکومت نے اتوار اور پیر کو دو دن کے لیے سرکاری تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے اسکولوں کو بند کر دیا۔

Exit mobile version