واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے تقریباً 5,700 اضافی ہاؤسنگ یونٹس بنانے کا اعلان تشویشناک اور پریشان کن ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق ایک مختصر بیان میں امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا “ہم سمجھتے ہیں کہ یہودی آباد کاری کا تسلسل دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔”
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی حکومت نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ فلسطینی علاقوں بالخصوص غرب اردن اور یروشلم میں یہودی آباد کاری کو تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل خطے میں دیر پا امن کے قیام میں رکاوٹ سمجھا جاتا ہے۔