غزہ(ہمگام نیوز)غزہ میں النصیرات کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 25 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ فلسطینی طبی کارکنان کے مطابق ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت پر یہ حملہ جمعرات کے روز ہوا۔

طبی کارکنان نے مزید بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے تقریبا 40 افراد جن میں زیادہ تر بچے ہیں، ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اسرائیلی حملے میں النصیرات میں مذکورہ عمارت کے نزدیک کئی گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔

ادھر وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے جمعرات کے روز امید ظاہر کی ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو غزہ کے حوالے سے معاہدے پر تیار ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ سولیون کے مطابق لبنان میں فائر بندی کے بعد مذاکرات میں حماس کی پوزیشن تبدیل ہو گئی ہے۔

سولیون کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ “غزہ میں فائر بندی اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ شاید قریب ہے کیوں کہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ وہ تیار ہے۔ اسی طرح ہم حماس تنظیم کی جانب سے بھی اقدام دیکھ رہے ہیں”۔

جمعرات کے روز بیت المقدس میں نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد سولیون نے کہا کہ “ہو سکتا ہے کہ ایسا نہ ہو، مگر میں سمجھتا ہوں کہ اگر فریقین سیاسی ارادے کے حامل ہوئے تو ایسا ہونا ممکن ہے”۔

ایک پریس کانفرنس میں سولیون کا کہنا تھا کہ “غزہ میں فائر بندی کا معاہدہ ابھی تک مذاکرات کی میز پر ہے، ہمیں اس کے حقیقت بننے کی امید ہے اور نیتن یاہو اس کے لیے تیار ہو چکے ہیں”۔