دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںفری بلوچستان موومنٹ جرمن برانچ 27 مارچ کے مناسبت سے احتجاجی مظاہرے...

فری بلوچستان موومنٹ جرمن برانچ 27 مارچ کے مناسبت سے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کرے گی۔

برلن: (ہمگام نیوز ) فری بلوچستان موومنٹ جرمن برانچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ مرکز کی طرف سے دی گئی کال پر 27 مارچ بلوچستان پر پاکستانی قبضے کے دن کی مناسبت سے جرمنی کے شہر ہنوفر میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کی تاریخ میں 27 مارچ کو ایک سیاہ دن کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے جب پاکستان کی قابض فوج نے برطانیہ کی مکمل حمایت و پُشت پناہی کے ساتھ آزاد و خود مختار بلوچ وطن پر آتش و آہن کے ساتھ یلغار کرکے جبری طور پر قبضہ کرلیا جس کو بلوچ عوام یوم سیاہ کے ساتھ ساتھ یوم قبضہ کے طور پر یاد کرتے ہوئے اسکے خلاف اپنی بھرپورنفرت کا اظہار کرتا ہے۔

بلوچ قوم نے 27 مارچ 1948 کو پاکستانی قبضے کے خلاف قومی مزاحمت شروع کی جو آج تک اپنی پوری شدت و توانائی سے جاری ہے۔ بلوچ قوم نے اپنی مسلسل مزاحمت، عظیم شہادتوں اور قربانیوں سے پوری دنیا سمیت پاکستان پر واضح کردیا ہے کہ بلوچ قوم اپنے وطن پر بیرونی قبضے اور مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کریگی اور اس قبضے کے خلاف کسی طرح کی قُربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی پارٹی کے مرکزی کال پر بلوچ قومی آزادی کو سلب کرنے، بلوچوں پر ہونے والے جبر و ستم، قومی نسل کشی اور بلوچستاں پر قبضے کے خلاف جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک میں اجتماعات اور مظاہروں کا انعقاد کیا جارہا ہے وہیں جرمن برانچ بھی ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کررہی ہے۔

یہ مظاہرہ جرمنی کے شہر ہنوفر میں 23 مارچ بروز ہفتہ منعقد کیا جائے گا جو کہ ہنوفر شہر کے مرکز “کروپکے” میں دوپہر ایک بج کر تیس منٹ پر شروع ہوگا اور شام پانچ بجے تک جاری رہےگا۔ ہم جرمنی میں رہنے والے تمام بلوچ سیاسی و انسانی حقوق کے کارکنوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس مظاہرے میں شرکت کرکے دنیا کو بلوچ قوم پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز